اجتماع

اجتماع

الحمد للہ! اللہ ربّ العزت کے فضل وکرم سے خانقاہِ امدادیہ اشرفیہ گلشنِ اقبال میں آٹھ محرم الحرام کو شروع ہونے والا اجتماع بخیر وخوبی دس محرم الحرام کو اختتام پذیر ہوا، جس میں علماء ،صلحاء ،سالکین اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ، جس کی جھلکیاں پیش کی جاتی ہے۔

اجتماع کا انعقاد حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے منفرد انداز یعنی اشعار سے کیا گیا، اشعار کے بعد حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے پوتے اور خلیفہ مجاز بیعت حضرت مولانا اسحاق صاحب نے تعلیم کی اور اس طرح اجتماع کا باقاعدہ انعقاد ہوا۔

بعد نمازِمغرب جناب مولانا شیراز صاحب نے بیان کیا ،بعد نمازِ عشاء اشعار پڑھے گئے اور اس کے بعد شیخ الحدیث حضرت اقدس مولانا عبد الرشید صاحب دامت برکاتہم اور استاذ الحدیث مفتی ارشاد اعظم صاحب دامت برکاتہم  کا بیان ہوا جس میں انہوں نے اہلِ محبت کے خواص بتاتے ہوئے تواضع کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ انسان کو اپنا کوئی کمال نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل واحسان ہے کہ نیک کام کرنے کی توفیق ہوجائے۔

نواور دس محرم کوخانقاہ میں روزہ داروں کے لیے سحری کا انتظام تھا ،سحری کے وقت مسجد میں عجیب روحانی ماحول تھا کوئی تہجد کی نماز میں ، کوئی قرآنِ پاک کی تلاوت میں ، کو ئی ذکر واذکار میں، کوئی گریہ وزاری میں، کوئی دعاؤں میں مشغول تھا ،بعد نمازِ فجر اجتماعی سورۂ یٰس کی تلاوت کی گئی اس کے بعد مجلسِ ذکر اور بیان ہوا، صبح دس بجے تجویدِ قرآنِ پاک کی مشق مشہور قاری جناب قاری محمد فاروق صاحب نے کرائی اور اس کے بعد جناب مفتی مفیض الرحمٰن صاحب نے سنت کے مطابق وضو اور نماز کی عملی مشق کروائی ۔ اسی طرح دن بھر تعلیم وتعلم اور بیانات کا سلسلہ چلتا رہا جس میں جناب حافظ حبیب اللہ صاحب ،جناب  صوفی حق الیقین صاحب ، جناب مولانا راشد محبوب صاحب ، جناب مولانا حسین احمد صاحب ، جناب صوفی محبوب زکریا صاحب، دارالعلوم کراچی کے دو اساتذہ جناب مفتی عبد المنان صاحب اور جناب مولانا حسین قاسم صاحب اس کے علاوہ  جناب مفتی احمد ممتاز صاحب ، جناب حضرت مفتی عبد الباری صاحب دامت برکاتہم شامل ہیں، جبکہ اشعارِ معرفت پڑھنے والے معروف نعت خواں جناب مفتی ابراہیم کشمیری صاحب ، جناب قاری سیف اللہ صاحب ، جناب قاری انور صاحب ودیگر شامل ہیں۔دس محرم بعد نمازِ مغرب حضرت مولانا نور محمد صاحب  دامت برکاتہم اور حلیم الامت حضرت مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم کا بیان ہوا،بیان کے بعد حضرت والا دامت برکاتہم نے اختتامی دعا کرائی ، مختصر اورجامع دعا کی عجیب کیفیت تھی،اللہ تعالیٰ حضرت والا دامت برکاتہم اور تمام حاضرینِ مجلس اور متعلقین و احباب کو صحتِ دائمی عطا فرمائیں اور حضرت والا دامت برکاتہم کا سایہ تادیر ہم پر قائم رکھیں۔

مہمانوں کی آمد

حضرت حاجی فاروق صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے صاحبزادے جناب حضرت مولانا معزّ الدین صاحب دامت برکاتہم گیارہ محرم الحرام خانقاہ تشریف لائے اور حضرت والا دامت برکاتہم سے خصوصی ملاقات فرمائی ، بعد نمازِ مغرب خانقاہ میں بیان فرمایا۔

انگلینڈ سے بھائی سیف الرحمٰن صاحب،افریقہ سے جناب حافظ محمدصاحب،میرپور خاص سے مولانا عبد الرشید صاحب اپنے ہمراہ دو بسوں میں علماء اور احباءکے ساتھ تشریف لائے، جب کہ حیدرآباد سے حافظ اقبال صاحب،فاران وریحان صاحب، ٹنڈوالٰہ یار سے حضرت مولانا راشد محبوب صاحب دامت برکاتہم جب کہ ٹنڈو جام، ملتان اور اندرون ملک سے کافی احباب خانقاہ تشریف لائے۔اورحضرت والا دامت برکاتہم کی صحبت سے خوب مستفید ہوئے۔

متعلقہ مراسلہ

Last Updated On Thursday 19th of October 2017 12:54:34 AM