نمازِ استسقاء کی اَدائیگی

نمازِ استسقاء کی اَدائیگی

شہر کراچی جو وطن عزیز پاکستان کی شہ رگ ہے، کئی سالوں سے پانی کی قلت کا شکار ہے، بارش نہ ہونے کی وجہ سے زمینی بورنگ اور کنویں وغیرہ بھی خشک ہوگئے ہیں،  گزشتہ دنوں اسی مسئلے کے پیش نظر ایسے حالات میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سنّتِ­مبارکہ اور حکم کے مطابق جامعہ اشرف المدارس گلستانِ جوہر میں نمازِ استسقاء ادا کی گئی، جس میں مسلمانوں کی ایک کثیر تعداد شریک ہوئی، مولائے کریم اس مسئلہ کو حل فرما اور رحمت والی بارش عطا فرما، آمین۔ (قارئین سے بھی دعاؤں کی درخواست ہے۔)

ختم بخاری شریف

ماہِ رجب مدارسِ دینیہ کے تعلیمی مرحلے کا اِختتامی مہینہ کہلاتا ہے، چناں چہ مدارس میں اِختتامی تقریبات اسی ماہ میں منعقد ہوا کرتی ہیں، جامعہ اشرف المدارس گلستانِ جوہر کراچی میں بھی رواں سال کی  ختم بخاری شریف کی تقریب زیر صدارت رئیس الجامعہ اشرف المدارس حضرت مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم منعقد ہوئی،آخری حدیث مبارکہ کا درس جامعہ دار العلوم کراچی کے صدر عالی قدر اور مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے ارشاد فرمایا۔ حضرت مفتی صاحب دامت برکاتہم نے فارغ ہونے والے فضلاء کو نصیحتیں بھی فرمائیں اور اپنی اصلاح و تزکیہ کے ساتھ ساتھ موت تک دین اور دینی کاموں سے جڑے رہنے کی تلقین فرمائی۔ اس موقع پر نقابت اور دیگر انتظامات کی ذمہ داریاں جامعہ کے ناظم تعلیمات جناب مفتی محمد ارشاد اعظم صاحب، جناب مولانا حسین احمد صاحب انجام دیتے رہے، جب کہ جامعہ کے نائب رئیس و استاذِ حدیث صاحب زادہ حضرت مولانا حافظ محمد ابراہیم صاحب دامت برکاتہم، جامعہ کے شیخ الحدیث جناب مولانا عبد الرشید صاحب زید مجدہٗ ودیگر اساتذۂحدیث  بھی تشریف فرما تھے۔ جلسہ میں ماشاء اللہ علماء، طلباء اور عوام الناس کی ایک کثیر تعداد شریک تھی۔ رئیس الجامعہ حضرت مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم (جن کو اللہ تعالیٰ نے انتظامی شان میں خصوصی ملکہ عطا فرمایا ہے) کی طرف سے مہمانوں  کے لیے پُر تکلف ظہرانہ کا بھی انتظام تھا، اور فارغ ہونے والے فضلاء ومتخصصین  کو انعامات بصورتِ کتب دینے کا بھی انتظام تھا۔حضرت رئیس الجامعہ دامت برکاتہم نے ماشاء اللہ بہترین انتظامات فرمائے تھے، اللہ تعالیٰ حضرت کو جزائے خیر عطا فرمائے اور نئے فارغ ہونے والے فضلاء کو اپنی اصلاح و تزکیہ کے ساتھ ساتھ دینی خدمات جاری رکھنے کی توفیق کامل مرحمت فرمائے۔ ہماری رائے ہے کہ تمام فضلاء کرام کو ہمارے حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے مواعظ و ملفوظات اور تصنیفات وتالیفات کا ایک بار مطالعہ ضرور کرنا چاہیے، تاکہ اپنے بزرگوں کے ملفوظات پڑھ کر ہمیں بھی زندگی گزارنے کا ڈھنگ آجائے اور اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم  کے اوامر و نواہی پر  چلنے کا نقشہ عملاً ہمارے سامنے آجائے۔ماشاء اللہ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے پوتے جناب مولانا حکیم محمد اسماعیل صاحب نے نئی کمپوزنگ­اور عمدہ و دیدہ زیب طباعت کے ساتھ ان کو دوبارہ شایع کیا ہے، مولائے کریم عمل کی توفیق عطا فرمائے۔

اس کے ساتھ ساتھ اپنی مادرِ علمی اور خانقاہ امدادیہ اشرفیہ کراچی (جہاں سے روحانی فیض کے چشمے پورے عالم میں جاری ہوئے) کے ساتھ  اپنا تعلق بھی قائم رکھیں  کہ وفا کا تقاضا یہی ہے۔

حضرت والا  دامت برکاتہم کا سفر اسلام آباد و لاہور

ہفتہ رفتہ میں حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم اسلام آباد اور لاہور کے مختصر اصلاحی سفر پر تشریف لے گئے تھے، لاہور میں اپنی مادرِ علمی جامعہ اشرفیہ بھی تشریف لے گئےاور جامعہ اشرفیہ کے نو منتخب مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی صاحب دامت برکاتہم اورحضرت مولانا محمد عبید اللہ اشرفی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے صاحب زادگان سے ملاقات فرمائی۔حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم صاحب دامت برکاتہم نے بڑی محبت کا معاملہ فرمایا،اور اپنے تفصیلی معمولات سے  حضرت والا دامت برکاتہم کو آگاہ فرمایا۔ مولانا عبید اللہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی وفات کے بعد مولانا کے اوپر جو ذمہ داریاں آگئی ہیں، مولائے کریم مولانا دامت برکاتہم کو اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے،آمین۔

حضرت والا دامت برکاتہم کا سفر عمرہ

مؤرّخہ ۱۴ مئی ۲۰۱۶ء ہفتہ کی رات کو  حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم سفر عمرہ پر تشریف لے گئے، جناب الحاج صوفی محمد مطہر محمود صاحب  (معاون و خادم خصوصی حضرت والا دامت برکاتہم) بھی حضرت کے ساتھ ہیں۔ مولائے کریم حضرت کے اس سفر عمرہ کو قبول فرمائے اور اس کی برکت سے حضرت کے روحانی مدارج میں یوماً فیوماً اضافہ فرمائے اور خدّام و مریدین کو حضرت والا سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کی توفیق عطا فرمائے،آمین۔

بحمد اللہ حضرت کے تشریف لے جانے کے بعد خانقاہ میں مجالس اپنی ترتیب سے جاری ہیں، گو حضرت والا دامت برکاتہم کی موجودگی سے جو رونق رہتی ہے وہ تو ظاہر ہے نہیں ہے، لیکن حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء و مجازین جن کا تعلق اب حضرت والا دامت برکاتہم سے ہے، ماشاء اللہ پابندی سے مجالس میں شرکت فرماکر سالکین کو مستفید فرماتے ہیں، جن میں جناب صوفی محمد آزاد صاحب تو بہت ہی پابند ہیں، لیکن آج کل ماشاء اللہ مفتی عبد الباری صاحب مدظلہٗ بھی وقتاً فوقتاً خانقاہ تشریف لاکر اپنے بیانات  سے سالکین کو مستفید کررہے ہیں۔ جب کہ خانقاہ کے انتظامات کی ذمہ داریاں جامعہ کے نائب رئیس اور حضرت کے بڑے فرزند ارجمند جناب مولانا حافظ محمد ابراہیم صاحب دامت برکاتہم نے سنبھالی ہوئی ہیں۔

بیرونِ ملک سے مہمانانِ گرامی کی آمد

گزشتہ ایّام میں ساؤتھ افریقہ سے جناب محمد سلیمان صاحب اور جناب مولوی محمد اسماعیل صاحب سلّمہٗ (نواسہ حضرت مولانا عبد الحمید صاحب دامت برکاتہم) حضرت والا دامت برکاتہم کے روحانی فیض سے نفع اُٹھانے کے لیے خانقاہ تشریف لائے، واضح رہے کہ مولوی محمد اسماعیل صاحب سلّمہٗ دعوت و تبلیغ کی ترتیب پر ایک سال کے لیے تبلیغی جماعتوں کے ساتھ چل رہے تھے، تبلیغی سال پورا ہونے پر خانقاہ آئے ہیں، مولائے کریم دونوں حضرات کی حاضری کو قبول فرماکر ان کے لیے روحانی ترقیات کا ذریعہ فرمائے،آمین۔

دورۂ قضاء اور طب

مدارس و جامعاتِ دینیہ میں طلباء کرام کی شعبان رمضان کی تعطیلات کو قیمتی بنانے کے لیے مختلف دوروں کا اہتمام کیا جاتا ہے، ہمارے حضرت والا دامت برکاتہم کو  بھی اللہ تعالیٰ نے اس چیز کا خصوصی  ذوق عطا فرمایا ہے کہ طبقۂ اہلِ علم کا کوئی وقت ضایع نہ ہو۔ چناں چہ جامعہ اشرف المدارس کی شاخ  مدرسہ­تعلیم القرآن یوسف گوٹھ میں حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز جناب مولانا مفتی حکیم عبد الباری صاحب  کو حکم فرمایا کہ  یہاں دورۂ قضاء و طب شروع کرائیں، چناں چہ اس کی ابتدائی تقریب بروز ہفتہ ۱۴ مئی ۲۰۱۶؁ء کی صبح کو حضرت والا دامت برکاتہم کے زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں جامعہ اشرف المدارس کے نائب ناظم جناب مولانا حسین احمد صاحب نے دورہ کا تعارف پیش کیا، بعد ازاں معروف جید عالمِ دین حضرت مولانا ڈاکٹر منظور احمد مینگل صاحب دامت برکاتہم نے  بہت ہی عالمانہ خطاب فرمایا،آخر میں ہمارے حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب زید مجدہم کی دعا پر یہ تقریب سعید اختتام پذیر ہوئی۔

واضح رہے کہ فنِ قضاء و تحکیم مفتی عبد الباری صاحب کے رفیق محترم جناب مفتی قاضی ہارون صاحب زید مجدہم  پڑھائیں گے اور علمِ طب بذاتِ  خود جناب مفتی حکیم عبد الباری صاحب زید فضلہ  سکھائیں گے۔ مولائے کریم اس دورہ کو جو کہ خالصتاً نیک نیتی کے ساتھ علومِ نبویہ کی اشاعت کے لیے شروع کیا گیا ہے،اپنی بارگاہِ عالی میں قبول فرماکر سامعین  کے لیے نفع مند بنائے اور پڑھانے والے اساتذہ اور اس کے انتظامات­کرنے والے ہمارے حضرت والا دامت برکاتہم کو اپنی شایانِ شان جزائے خیر عطا فرمائے، آمین۔

0315/2359026, 0300/0312/0332/8233744

متعلقہ مراسلہ

Last Updated On Thursday 17th of August 2017 10:36:02 AM