حضرت والا دامت برکاتہم کا سفر حرمین شریفین

حضرت والا دامت برکاتہم کا سفر حرمین شریفین

ماہِ ربیع الاوّل (۹؍ ۱۰ جنوری ۲۰۱۶ء) کی درمیانی شب میں خانقاہ امدادیہ اشرفیہ و جامعہ اشرف المدارس کراچی کے رئیس، حضرت ہردوئی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز  حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم اپنے احباب کی ایک کثیر تعداد کے ساتھ عمرہ کی نیت سے حرمین شریفین کے لیے روانہ ہوئے، ہمارے حضرت والا دامت برکاتہم کو اللہ نے عجیب و غریب صفات سے نوازا ہے، اس پیرانہ سالی میں حضرت والا دامت برکاتہم کے اصلاحی اسفار ایک طرف  جب کہ دوسری طرف ہر سال  کبھی سال میں دو بار حرمین شریفین کی حاضری بھی جاری رہتی ہے، وہاں حضرت والا دامت برکاتہم کی انابت الی اللہ، تضرع، اعمال میں لگن اور جذب کی کیفیت دیدنی ہوتی ہے،  مولائے کریم حضرت کے اس سفر عمرہ کو قبول فرماکر مزید ترقیاتِ ظاہری و باطنی کا ذریعہ بنائے، آمین۔

مولانا حافظ محمد ابراہیم صاحب کا سفر عمرہ

جامعہ اشرف المدارس کراچی کے نائب رئیس و استاذ حدیث، حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز اور حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم کے فرزند کبیر حضرت مولانا حافظ محمدابراہیم صاحب دامت برکاتہم ۲۰؍ جنوری کو عمرہ کی نیت سے حرمین شریفین کے لیے عازم سفر ہوئے، مولائے کریم مولانا دامت برکاتہم کے اس سفر کو قبول فرمائے، آمین۔

وفاق المدارس کی کانفرنس میں شرکت

گزشتہ ماہ جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کے ناظم تعلیمات واستاذ حدیث اور وفاق المدارس صوبہ سندھ کے ناظم جناب مولانا امداد اللہ صاحب حفظہ اللہ بعد نماز عصر خانقاہ تشریف لائے، مجلس جاری تھی، خانقاہ میں حاضرین کے رش کی وجہ سے مولانا مدظلہٗ دروازہ کے قریب ہی بیٹھ گئے، حضرت والا دامت برکاتہم  نے دیکھا تو مولانا کو آگے آنے کا اشارہ فرمایا، لیکن مولانا خاک نشینی کو ترجیح دیتے رہے، اس کے بعد  حضرت والا دامت برکاتہم ان کو اپنے خصوصی کمرہ میں لے گئے، مولانا نے  ۲۷؍ دسمبر ۲۰۱۵ء بروز اتوار کو  جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن میں ہونے والی ’’وفاق المدارس کانفرنس‘‘ میں شرکت کی دعوت دی، چناں چہ حضرت والا دامت برکاتہم مذکورہ تاریخ کو بحیثیت مہمانِ خصوصی جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن تشریف لے گئے اور کانفرنس سے خطاب فرمایا، حضرت والا دامت برکاتہم کے خطاب کے بارے میں ماہنامہ بینات کے مدیر اور بنوری ٹاؤن کے مدرس جناب مولانا محمد اعجاز مصطفیٰ صاحب نے اپنے تازہ اداریہ میں بہت عمدہ تذکرہ کیا ہے، ملاحظہ ہو:

’’شیخ طریقت حضرت مولانا حکیم محمد مظہر صاحب نے اپنے خوب صورت اشعار کے ذریعہ اللہ تعالیٰ پر توکل و اعتماد اور صفائے باطن پر خوب صورت نصائح ارشاد فرمائیں‘‘۔ (بینات ربیع الثانی ۱۴۳۷ھ)

وفاق المدارس کانفرنس حیدر آباد میں مولانا محمد ابراہیم صاحب کی شرکت

ان دنوں پورے ملک میں وفاق المدارس کی خصوصی کانفرنسیں جاری ہیں، چناں چہ حیدر آباد میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں جامعہ اشرف المدارس کے نائب رئیس و استاذ حدیث حضرت مولانا حافظ محمدابراہیم صاحب دامت برکاتہم شرکت کے لیے تشریف لے گئے، اللہ جل شانہٗ علمائے حق کی مساعی کو قبول فرمائے جو مدارسِ دینیہ کی حفاظت کے لیے شب وروز کوشاں ہیں۔

بیرون ملک سے مہمانوں کی آمد

الحمدللہ خانقاہ امدادیہ اشرفیہ میں ملک و بیرونِ ملک سے سالکین حاضر ہوتے رہتے ہیں، چناں چہ رواں ماہ جنوبی افریقہ، جرمنی اور آزاد کشمیر سے مہمان تشریف لائے ہوئے ہیں۔ حق تعالیٰ ان حضرات کی اس دینی حاضری کو قبول فرماکر ان کی اصلاح کا ذریعہ بنادے، آمین۔

دعائے مغفرت

حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے قدیم خلیفہ مجاز جناب صوفی عبد الرحمٰن صاحب رحمۃ اللہ علیہ گزشتہ دنوں انتقال فرماگئے، خانقاہ سے احباب ان کے جنازہ میں شرکت لیے تشریف لے گئے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

حاجی محمد فاروق سکھروی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے صاحبزادے کی خانقاہ آمد

مسیح الامت حضرت مولانا محمد مسیح اللہ خان صاحب کےخلیفہ اجل حضرت حاجی محمد فاروق سکھروی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے صاحبزادےمولانا عبد المعید صاحب  ( ناظم خانقاہ مسیحیہ فاروقیہ ) حضرتِ والا دامت برکاتہم سے ملاقات کے لیے خانقاہ تشریف لائے، حضرتِ والا دامت برکاتہم نے ملاقات کا شرف بخشا، بعد ازاں سرپرستی فرماتے ہوئے بیان کے لیے حکم دیا جس پر مولانا نے خانقاہ میں صحبتِ صالحین کی اہمیت پر قرآن وحدیث سے مدلل بیان فرمایا۔

اللہ تعالیٰ حضرتِ والا کا سایہ تادیر ہمارے سروں پر قائم رکھے اور اہل دل کو بھرپور مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔

کراچی مرکز کی جماعت شوریٰ کی خانقاہ آمد

دعوتِ تبلیغ کے عنوان سے اورنگی ٹاؤن ( کراچی ) میں منعقد ہونے والے تبلیغی اجتماع کی ترتیب سے حلیم الامّت حضرت مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم کو آگاہ کرنے اور اجتماع کی کامیابی کے لیے دعا کی درخواست کی غرض سے کراچی مرکز کی جماعتِ شوریٰ کے ارکان بھائی حافظ محمد عرفان صاحب ،مولانا محمد اسماعیل دہلوی ودیگر احباب خانقاہ تشریف لائے۔ اللہ تعالیٰ دین کی اشاعت کا درد رکھنے والے تمام مبلغین کی مدد فرمائے، اور دارین میں کامیابی سے ہمکنار فرمائے، آمین ۔

حلیم الامّت حضرت مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم کی احباب کے ہمراہ اجتماع میں شرکت

حلیم الامّت حضرت مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم احباب کے ہمراہ ۶فروری بروز ہفتہ بعد نماز فجر اورنگی ٹاؤن میں منعقد ہونے والے کراچی اجتماع میں شرکت کے لیے تشریف لےگئے۔ آپ کے ہمراہ حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء جناب حاجی کامران چھاپڑا صاحب ، جناب حق الیقین صاحب، صوفی صادق سایہ صاحب ودیگر حضرات شامل تھے۔

حضرتِ والا وفد کے ہمراہ جب اجتماع گاہ پہنچے تو مولانا محمد اسماعیل دہلوی ، مولانا عبد الہادی دہلوی ، بھائی عرفان دہلوی صاحب نے آپ کی اکابر علماء سے ملاقات کرائی جن میں استاد العلماء شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم اللہ خان صاحب دامت برکاتہم اور دیگر اکابر علماء شامل ہیں۔علمائے کرام نے حضرت والا کو اجتماع کے احوال اور جماعتوں کی کارگزاری سے آگاہ کیا۔ حضرت والا نے دینی کاوشوں پر نہایت خوشی کا اظہار فرمایا۔ اللہ تعالیٰ قبول فرمائے، آمین۔

متعلقہ مراسلہ

Last Updated On Thursday 17th of August 2017 04:11:41 PM