حضرت والا دامت برکاتہم کا سفر لاہور و بالا کوٹ

حضرت والا دامت برکاتہم کا سفر لاہور و بالا کوٹ

مؤرخہ۲۸ اپریل ۲۰۱۵ء  کو حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم لاہور کے تبلیغی و اصلاحی سفر پر تشریف لے گئے، دو دن دار السکون ٹاؤن شپ لاہور میں خوب علم و عرفان کی مجالس گرم رہیں، حضرت کی معیت میں تقریباً ۲۵ افراد کا قافلہ کراچی سے ساتھ تھا، جن میں حضرت کے صاحب زادے مولانا حافظ محمد ابراہیم صاحب ، جامعہ اشرف المدارس کراچی کے شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد الرشید صاحب، حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے خلفاء جناب محمد شفیق احمد خان صاحب،  جناب حافظ حبیب اللہ صاحب، جناب کامران چھاپڑا صاحب، جناب محمد احمد شمسی صاحب، جناب فیاض احمد صاحب، جناب احمر غازی صاحب، جناب صوفی محمد مطہر محمود صاحب، اور جناب کامران والم صاحب، سمندری سے جناب مفتی مقصود صاحب اسی طرح پنجاب کے دیگر شہروں چیچہ وطنی، سمندری، بہاول نگر،اسلام آباد، ڈسکہ، سیال کوٹ اور لاہور سے کثیر تعداد میں حضرت کے متعلقین اس بزمِ جاں فزا میں شریک ہوئے اور حضرت والا دامت برکاتہم سے روحانی فیوض و برکات کی تحصیل میں مصروفِ عمل رہے۔

پھر یہ قافلہ حضرت والا کے زیر سرپرستی میں ایک آرام دہ بس میں براستہ اسلام آباد، ہری پور مطار روڈ پر واقع جامع مسجد نور پہنچا یہ مسجد حضرت والا کی زیر سرپرستی قائم ہے، وہاں بھی دور دراز شہروں سے حضرت والارحمۃ اللہ علیہ اور حضرت دامت برکاتہم کے خلفاء اور اور مریدین و متعلقین کثیر تعداد میں جمع تھے اور ماشاء اللہ اس علاقے میں ایک اجتماع سا ہوگیا تھا اور خوب مجلس رہی، رات اسی مسجد میں قیام رہا۔

پھر صبح اول وقت یہ قافلہ بالاکوٹ روانہ ہوا اور حضرت شاہ اسمٰعیل شہیدرحمۃ اللہ علیہ  اور حضرت سیّد احمد شہیدرحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر ایصالِ ثواب کیا۔ پورے علاقے میں حضرت جس جس شہر سے گزرتے تھے آس پاس کے مدارس کے علماء طلباء مشتاقانہ حضرت والا کو اپنے اپنے مدارس میں چند لمحے آنے کے لیے دعوت دیتے تھے۔

حضرت والا دامت برکاتہم کا سفر ساؤتھ افریقہ

مؤرخہ۱۱ مئی۲۰۱۵ء کو حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم ساؤتھ افریقہ کے احباب کی دعوت پر وہاں کے تبلیغی و اصلاحی دورے کے لیے روانہ ہوئے،ساؤتھ افریقہ میں ماشاء اللہ خوب دینی ماحول ہے، حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے متعلقین کی ایک بڑی تعداد ہے جو پورے ملک میں خانقاہی نظام سے جڑی ہوئی ہے، وہ ساری تعداد اب حضرت دامت برکاتہم سے تعلق رکھتی ہے، چناں چہ وہاں حضرت والا دامت برکاتہم کا بھر پور استقبال کیا گیا اور بیس دن مسلسل مختلف شہروں کے کئی کئی مقامات پر حضرت کے اصلاحی بیانات ہوئے اور بہت بڑی تعداد میں احباب  داخل سلسلہ ہوئے، ۳۱ مئی کو حضرت کی واپسی ہوئی، مولائے کریم حضرت والا کے اس سفر کو قبول فرماکر مزید ترقیات کا باعث بنائے۔

مولانا حافظ محمد ابراہیم صاحب کی خانقاہ میں ذمہ داریاں

اس ماہ میں حضرت والا دامت برکاتہم کے مسلسل دو اسفار ہوئے، چناں چہ حضرت کی غیر موجودگی میں حضرت کے بڑے صاحب زادے مولانا حافظ محمد ابراہیم صاحب نے خانقاہ کا نظم بہت ہی عمدہ انداز میں سنبھالا اور مجالس کی ترتیب اسی طرح قائم رکھی جس طرح حضرت والا کی موجودگی میں قائم رہتی ہے، وقتاً فوقتاً مولانا حافظ محمد ابراہیم صاحب کے بیانات کا سلسلہ بھی جاری رہا، حق تعالیٰ قبول فرمائیں۔

ملک و بیرون ملک سے سالکین کی آمد

ماشاء اللہ ہر سال رمضان سے قبل شعبان میں پورے ملک سے علماء، طلباء اور راہِ سلوک کے تشنگان ایک بڑی تعداد میں خانقاہ میں اللہ تعالیٰ کی محبت سیکھنے اور اپنے تزکیہ نفس کے لیے صحبت صالحین کی سعادت حاصل کرنے تشریف لاتے ہیں، اس سال بھی کثیر تعداد میں سالکین خانقاہ میں وقت لگارہے ہیں اور جن میں بیرونِ ملک سے بھی احباب کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،  برما سے مولانا شمیم صاحب اور مفتی جمیل صاحب (فاضل دار العلوم دیوبند) اس وقت خانقاہ میں حضرت والا دامت برکاتہم کی صحبت میں موجود ہیں۔

درخواست ِدعا

حلیم الامت حضرت اقدس مولاناشاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی طبیعت گذشتہ دنوں کافی ناساز ہوگئی تھی ، معدے میں زخم کے بسبب خون کی الٹیاں ہورہی تھیں ، جس کی وجہ سے خون کی حد درجے کمی کاسامنا تھا، اس حوالے سے حضرت کچھ دن ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رہے ، بعد ازاں حضرت کی طبیعت بحمدہ تعالی بہت بہتر ہوگئی، قارئین سے حضرت کی مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے ۔

گذشتہ دنوں حضرت مہتمم صاحب مدظلہم کے داماد جناب ڈاکٹر ندیم احمد عثمانی صاحب کی والدہ کا انتقال ہوگیا، اناللہ وانا لیہ راجعون !اللہ تعالی مرحومہ کی کامل اور بے حساب مغفرت فرمائیں ، درجات بلند فرمائیں اور لواحقین کو صبر جمیل عطافرمائیں ۔آمین

سفر عمرہ

حضرت مولانا حافظ محمد ابراہیم صاحب مدظلہم العالی شعبان کے آخرمیں حرمین شریفین کے لیے روانہ ہوئے ، عمرہ اور روضہ اقدس پرحاضری کا شرف حاصل ہوا ، اور تقریباً ایک ماہ قیام کے بعدحضرت کی بعافیت وطن واپسی ہوگئی ،اللہ تعالی شرف قبولیت عطافرمائیں ، آمین۔

نئے تعلیمی سال کاآغاز

شعبہ درس ِ نظامی وتخصصات کی سالانہ تعطیلات کے بعد نئے تعلیمی سال (1436/1437ھ)کے حوالے سے داخلوں کا آغاز انشاء اللہ العزیز !10 شوال المکرم سے ہوگا ، تفصیلات الابرار کے اس ماہ کے شمارےمیں موجود ہیں ۔

متعلقہ مراسلہ

Last Updated On Tuesday 11th of December 2018 11:06:47 AM