حضرت والا دامت برکاتہم کا سفر اسلام آباد وپشاور

حضرت والا دامت برکاتہم کا سفر اسلام آباد وپشاور

خانقاہِ امدادیہ اشرفیہ اور جامعہ اشرف المدارس کراچی کے رئیس حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہرصاحب دامت برکاتہم گزشتہ دنوں اسلام آباد اور پشاور کے ایک مختصر سفر پر تشریف لے گئے تھے۔وہاں علماء اور احباب حضرت والا دامت برکاتہم کی زیارت و ملاقات کے لیے آتے رہے۔ اور حضرت والا سے فیض یاب ہوکر روحانی غذا حاصل کرتے رہے۔ اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔

سالکین کی آمد

جنوبی افریقہ سے کئی احباب، سعودی عرب سے حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز جناب سمیع اللہ صاحب، کشمیر سے حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے سب سے پہلے مرید جناب صوفی محمد سردار صاحب اپنے صاحب زادے سمیت، قلات سے علماء کی ایک جماعت (جس میں مولانا عبد الخالق صاحب بھی ہیں جو براہوی زبان میں حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کی کتابوں کا ترجمہ کررہے ہیں) یہ تمام حضرات خانقاہ امدادیہ اشرفیہ حاضر ہوئے اور حضرت والا دامت برکاتہم سے فیض یاب ہوتے رہے۔ مولائے کریم ان احباب کی حاضری کو قبول فرماکر اصلاح کا ذریعہ بنادیں،آمین۔

خانقاہی مجالس

بحمد اللہ جس طرح حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کی حیات میں خانقاہ میں مجالس جاری تھیں، اسی طرح آج بھی بدستور حضرت والا دامت برکاتہم کی سرپرستی میں وہ فیض جاری ہے اور مجالس میں سالکین کی ایک بڑی تعداد شریک ہوتی ہے، صبح کی مجلس میں حضرت والا دامت برکاتہم کے سب سے پہلے خلیفہ مجاز جناب صوفی محمد آزاد صاحب باوجود ضعف اور پیرانہ سالی کے پابندی سے شریک ہوکر اکابر و مشایخ کی باتیں سناتے ہیں،  جب کہ باقی مجالس میں بہ نفس نفیس حضرت والا دامت برکاتہم جلوہ افروز ہوتے ہیں۔

اِنتقالِ پُرملال

حضرت والا رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے خلیفہ مجاز جناب مولانا زبیر دودھا صاحب کے نانا اور تبلیغی جماعت یورپ کے امیر بزرگ شخصیت جناب الحاج الحافظ محمد پٹیل صاحب آخرت کے سفر پر روانہ ہوگئے۔ اِنَّا لِلہِ وَ  اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ مولائے کریم حافظ صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی کامل مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے اور جناب مولانا زبیر دودھا صاحب اور مولانا محمد دودھا صاحب اور ان کے اہل خاندان کو  صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز جناب مفتی تنویر صاحب کی خوش دامن، محدثُ العصر حضرت علامہ سیّد محمد یوسف بنوری صاحب  رحمۃ اللہ علیہ کی صاحب زادی اور حضرت مولانا مفتی احمد الرحمٰن صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی بیوہ  گزشتہ دنوں وفات پاگئیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرتِ کاملہ فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ قارئین سے بھی دعاؤں کی درخواست ہے۔

حضرت والا دامت برکاتہم کا خانقاہِ فتحیہ میں بیان، ذکر کی مجلس اور دعا

جناب الحاج نثار احمد خان صاحب  فتحی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز جناب حاجی انیس صاحب گزشتہ دنوں خانقاہِ  اِمدادیہ اشرفیہ گلشن اقبال کراچی میں حضرت والا دامت برکاتہم کی زیارت و ملاقات کے لیے تشریف لائے، حضرت والا دامت برکاتہم نے انہیں مواعظ حسنہ  کا تحفہ ہدیہ فرمایا، جناب انیس صاحب نے حضرت والا دامت برکاتہم کو خانقاہِ فتحیہ حسین آباد میں آنے کی دعوت دی۔

چناں چہ حضرت والا دامت برکاتہم رات کی مجلس  کے بعد اپنے متعلقین و مریدین کی ایک بڑی جماعت کے ساتھ خانقاہِ فتحیہ  پہنچے،خانقاہِ فتحیہ میں حضرت والا دامت برکاتہم نے بیان، ذکر کی مجلس اور دعا فرمائی، حضرت والا دامت برکاتہم کے بیان سے سامعین پر عجیب کیف و سرور کی کیفیت طاری تھی، وقتاً فوقتاً  ’’اللہ‘‘ ’’اللہ‘‘ کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔

مجلس کے اختتام پر حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے مواعظ تقسیم کیے گئے۔  

متعلقہ مراسلہ

Last Updated On Thursday 19th of October 2017 12:54:36 AM