ملک و بیرونِ ملک سے خانقاہ میں وقت لگانے کے لیے آنے والے علماء و مفتیانِ کرام اور عوام و خواص

ملک و بیرونِ ملک سے خانقاہ میں وقت لگانے کے لیے آنے والے علماء و مفتیانِ کرام اور عوام و خواص

انگلینڈ: جناب عبد البصیر صاحب۔جناب عمر فاروق صاحب (خلفا حضرت والا دامت برکاتہم)۔ جناب نور الرحمٰن صاحب، جناب مولانا شکیل الرحمٰن صاحب، جناب فضل الرحمٰن صاحب۔

جنوبی افریقہ: جناب مولانا یعقوب ڈیسائی ماماجی صاحب، جناب مولانا محمد ڈیسائی صاحب، جناب عادل عمر جی صاحب، جناب مولانا احمد پٹیل صاحب (خلیفہ حضرت والا)، جناب مولوی مسعود پٹیل بن مولانا الیاس پٹیل صاحب، جناب مولوی عبد اللہ بن غلام حسین صاحب، جناب مولوی آدم جی صاحب، جناب معاذ بیرا صاحب ۔

کینیا: جناب مولانا لقمان صاحب۔

برما: جناب مولانا محمود آکوجی صاحب (خلیفہ مجاز حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ)، جناب مولانا شمیم صاحب (خلیفہ حضرت والا)، جناب مولانا جمیل صاحب (فاضل دار العلوم دیوبند)۔ جناب حاجی اسحاق صاحب، جناب حذیفہ صاحب، جناب سلیم بوڑو صاحب۔

بنگلہ دیش:شیخ الحدیث حضرت مولانا یونس صاحب، جناب الحدیث حضرت مولانا جعفر  صاحب، مولانا محمود حسن صاحب، جناب مفتی محمد نعمان صاحب( استاد الحدیث جامعہ اسلامیہ امداد العلوم پاپوش نگر)۔

نیپال: مولانا شفیق الرحمن صاحب (خلیفہ حضرت والا)۔

جنوبی کوریا: جناب پروفیسر محمد احمد صاحب۔

پاکستان: شیخ الحدیث حضرت مفتی عبد الباری صاحب (کوئٹہ)،  جناب مفتی محمد عبد المنا ن صاحب (استاذ و نائب مفتی جامعہ دار العلوم کراچی)، جنا ب مفتی محمد مقصود صاحب بن حضرت مفتی محمد عبد الستار صاحب رحمۃ اللہ علیہ، (خلفاء حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ)،جناب مفتی عبد الہادی صاحب (کوئٹہ) ودیگر علمائے کرام ومفتیان عظام اور سالکین۔

حرمین شریفین سمیت پوری دنیا میں حضرت والا دامت برکاتہم کی صحت کے لیے دعائیں

حضرت والا دامت برکاتہم کی عیادت کے لیے حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے متعلقین  ومحبین سمیت ہزاروں افراد تشریف لاچکے ہیں۔ نیز حضرت والا دامت برکاتہم کی علالت میں عشاقِ حق کی بے چینی اور علماء و صلحا امّت کی فکر مندی اور سارے عالم میں دعائے صحت یہ بتارہی ہے کہ حضرت والا لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں چناں چہ مکہ مکرمہ سے حضرت مولانا محمد مکی حجازی صاحب دامت برکاتہم نے فون پر عیادت کی اور حرم شریف میں دعائیں کروائیں۔ جناب قاری خلیق اللہ صاحب، مولانا الیاس پٹیل صاحب،مولوی محمد پٹیل ابن حضرت مولانا یونس پٹیل صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا عبد اللہ مدنی نے مدینہ منورہ میں حضرت دامت برکاتہم کی صحت کے لیے دعائیں کیں۔

اسی طرح خانقاہِ امدادیہ اشرفیہ تھانہ بھون (انڈیا )سے خانقاہ کے ناظم حضرت مولانا سیّد نجم الحسن تھانوی صاحب دامت برکاتہم کے صاحب زادے جناب حذیفہ صاحب نے ان کا پیغام بذریعہ نیٹ بھجوایا  اور خانقاہِ تھانہ بھون میں بھی حضرت والا کے لیے دعائیں کی گئیں۔ محی السنہ حضرت مولانا شاہ ابرار الحق صاحب ہردوئی رحمۃ اللہ علیہ کے قائم مقام اور اُن کے فرزند نسبتی حضرت الحاج حکیم محمد کلیم اللہ صاحب دامت برکاتہم نے فون پر عیادت کی اور حضرت کے لیے بہت دعائیں کیں۔ اس کے علاوہ جنوبی افریقہ،   بنگلہ دیش، برما، انگلینڈ، امریکہ، کینیڈا و دیگر ممالک میں عشاق نے حضرت والا دامت برکاتہم کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔ جرمنی سے دعوت و تبلیغ کے بزرگ جناب شمس الحق صدیقی صاحب نے بھی فون پر اپنے شیخ کی عیادت کی۔

لاہور سے مجلس صیانۃ المسلمین کے ناظم حضرت مولانا وکیل احمد شیروانی صاحب دامت برکاتہم نے فون پر تعزیت کی اور فرمایا کہ’’آپ کی زندگی ہمارے لیے باعثِ حیات ہے‘‘۔ حضرت مولانا مشرف علی تھانوی صاحب دامت برکاتہم نے نمازِ تراویح کے بعد بہت درد سے حضرت والا کی صحت یابی کےلیے دعا کروائی۔

جامع مسجد بیت المکرم گلشن اقبال کراچی میں بعد نمازِ جمعہ شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم نے دعا کروائی اور پھر فون کے ذریعے عیادت بھی کی۔ مفتی اعظم پاکستان حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب دامت برکاتہم نے حرمین شریفین سے فون پر عیادت کی۔

وفاق المدارس کے صدر عالی قدر شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم اللہ خان صاحب دامت برکاتہم نے رات ڈھائی بجے اپنے سیکریٹری کو بلایا اور اس کو پرچی پر یہ عبارت لکھ کر دی ’’مولانا حکیم محمد مظہر صاحب کی مزاج پرسی کریں‘‘۔

بزرگ عالم دین حضرت مولانا منظور احمد نعمانی صاحب دامت برکاتہم نے فون پر عیادت فرمائی۔

جن جن حضرات نے عیادت کی اور حضرت والا کے لیے دعائیں کیں، ادارہ ان سب کا شکر گزار ہے، مولائے کریم ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے، مزید دعا ہے کہ حق تعالیٰ شانہ حضرت والا دامت برکاتہم کو مکمل صحت کاملہ، عاجلہ، مستمرہ اور دائمہ نصیب فرمائے اور آں حضرت کا سایہ ہمارے سروں پر تادیر صحت و عافیت کے ساتھ قائم رکھے،آمین۔

حضرت پھولپوری رحمۃ اللہ علیہ کی پوتی صاحبہ کی وفات اور حضرت والا کی تعزیت

گزشتہ دنوں حضرت مولانا شاہ عبد الغنی صاحب پھولپوری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی پوتی وفات پاگئیں۔مرحومہ خانقاہِ امدادیہ اشرفیہ (مرکز) کراچی اور جامعہ اشرف المدارس کراچی کے رئیس حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم کی رشتہ میں چچازاد بہن تھیں، چناں چہ حضرت والا دامت برکاتہم نے فون پر اپنے بھائی حضرت مولانا مفتی محمد عبد اللہ پھولپوری صاحب دامت برکاتہم سے تعزیت فرمائی اور تسلی کے کلمات ارشاد فرمائے اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت فرمائی، مولائے کریم مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور ان کو جنت الفردوس کا مکین بنائے، اور پسماندگان کو صبر جمیل اور اس پر اجر جزیل عطا فرمائے، آمین۔

دعا

ایسی صورت جو مجھے آپ سے غافل کردے

اے خدا اس سے بہت دور مرا دل کردے

اپنی رحمت سے تو طوفان کو ساحل کردے

ہر قدم پر تو مرے ساتھ میں منزل کردے

اے خدا دل پہ مرے فضل وہ نازل کردے

جو  مرے  درد  محبت کو  بھی  کامل  کردے

تبصرۂ کتب

کتاب:صلوٰۃ وسلام کی خوشبوئیں اور ثمرات

مصنف :جناب فرقان احمد شمسی صاحب

ناشر:جامعہ اشرف المدارس کراچی

صفحات:248 قیمت:400

خاتم النبیّین، شفیع المذنبین، رحمۃ للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود وسلام کی کثرت کرنا نہ صرف  یہ کہ شریعت کے نزدیک مطلوب ومقصود ہے بلکہ  یہ امت مسلمہ پر محسنِ کائنات وآقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کا لازمی وضروری حق بھی ہے ، علامہ شامی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں۔ الصلوٰۃ علی النبی  مجاب قطعاً کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود وسلام کی قبولیت قطعی ہے۔ یہی وجہ ہے دعاؤں میں اوّل وآخر درود شریف کا اہتمام قبولیت ِدعا کے لیے مجرّب ہے۔

عہدِ حاضر میں جب کہ  امتِ مسلمہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس عظیم حق کی ادائیگی سے غافل ہوتی جارہی ہے، مجدد زمانہ عارف باللہ حضرت  مولاناشاہ حکیم محمداختر صاحب  رحمۃ اللہ علیہ کے  خلیفۂ مجاز جناب فرقان احمد شمسی صاحب نے موضوع کی اہمیت کاادراک کرتےہوئے نہایت محبت وعقیدت اور عشق نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے مخمور ہو کر یہ کتاب بنام ’’ صلوٰۃ وسلام کی خوشبوئیں اور ثمرات ‘‘ مرتب کی ہے، جس میں حمد ونعتیہ کلام، احادیث نبویہ ، درود شریف کے فضائل وخواص ، مقدمہ ذریعۃ الوصول  الٰی جناب الرسول  سمیت  حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین ،تابعین وعلمائے راسخین  سے  منقولہ درود وسلام جیسے اہم وضروری عنوانات کو انتہائی جامع انداز میں ترتیب دیا ہے،جو قاری کے لیے نہایت دلچسپ اور موضوع کی اہمیت وضرورت کو راسخ کرنے کے لیے  ایک اہم دستاویز ہے۔آرٹ پیپر پر رنگین  ودیدہ زیب طباعت ، حواشی پر نہایت خوبصورت ودلکش ڈیزائننگ اور جابجا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے تبرکات کا عکس قاری کے قلب کو فرحت اورآنکھوں کو ٹھنڈا کرتا ہے۔

نیز سیدنا ومرشدنا عارف باللہ حضرت اقدس مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب اور ان کے فرزند حضرت مولانا محمد ابراہیم صاحب وفرزند شہید اسلام حضرت مولانا  محمد یحییٰ لدھیانوی صاحب مدظلہم  کے ذکر کردہ  گرانقدرتأثرات   کتاب کے پر مغز اور اثر انگیز ہونے پر دلیل ِبین اور قاری کے لیے باعث تبرّ ک ہیں۔اللہ تعالیٰ مصنف کی  اس  مبارک کاوش کو قبول فرماکرنافعِ خاص وعام فرمائے اورذخیرۂ آخرت بنائے،آمین ۔

جامعہ اشرف المدارس کراچی کے تحت وقف اور اجتماعی قربانی کا اہتمام

ایک عرصے سے کراچی میں اجتماعی قربانی کی جارہی ہے اور کراچی میں امن و امان کی وقتاً فوقتاً مخدوش صورت حال کے پیش نظر اجتماعی قربانی کا دائرہ وسعت اختیار کرچکا ہے۔ مختلف دینی مدارس کی طرف سے الحمدﷲ! اطمینان بخش طریقے سے اجتماعی قربانی کا یہ عمل شرعی اصولوں کے مطابق انجام دیا جارہا ہے ۔ الحمد للہ! دینی مدارس کا فیض پوری دنیا میں اللہ کے فضل و کرم سے پھیل رہا ہے۔ ان اداروں میں مسافر طلباء کی ایک کثیر تعداد ہوتی ہے، جن طلباء کے لیے قربانی کا وقف کردینا بہت احسن ہے۔ قرآن اور متعلمینِ قرآن کی خدمت شیوۂ پیغمبری ہے۔

ان ہی مدارس میں سے جامعہ اشرف المدارس کراچی کے زیر انتظام بھی الحمدﷲ!گزشتہ کئی سالوں سے اجتماعی قربانی کا اہتمام ہوتا چلا آرہا ہے۔ اس کے علاوہ غرباء و مساکین اور ملک کے دور دراز علاقوں میں متأثرینِ زلزلہ و سیلاب تک (وقف قربانی کا) گوشت پہنچانا اور ان علاقوں ہی میں وقف قربانی کے جانور ذبح کر کے وہاں کے لوگوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ الحمد للہ! اس سال بھی قربانی ذی الحجہ ۱۴۳6ھ بمطابق ستمبر ۲۰۱5ء کے موقع پر کراچی اور ملک کے پسماندہ علاقوں میں قربانی کا بھر پور انتظام کیا جائے گا۔ اس ضمن  میں احباب بروقت رابطہ کریں گے تو آگے قربانی کے انتظامات کا معقول اور بہتر انتظام ممکن ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی سعی جمیلہ کو قبول فرمائے، آمین۔

قربانی کے حوالے سے مزید معلومات کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کریں:

0315/2359026, 0300/0312/0332/8233744

متعلقہ مراسلہ

Last Updated On Monday 24th of June 2019 10:49:41 AM