حضرت والا دامت برکاتہم کی نئی کتاب کی اشاعت

حضرت والا دامت برکاتہم کی نئی کتاب کی اشاعت

جامعہ اشرف المدارس کراچی و خانقاہ امدادیہ اشرفیہ (مرکز) گلشن اقبال کراچی کے رئیس اور حضرت ہردوئی رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم کے پانچ ملکوں کے سفرناموں کا خوب صورت مجموعہ چار صد صفحات پر مشتمل دیدہ زیب انداز، مضبوط اور خوب صورت ٹائٹل کے ساتھ ’’پیغامِ محبت‘‘ کے نام سے منظرِ عام پر آگیا ہے، اور دیکھتے ہی دیکھتے آدھا ایڈیشن ختم ہوچکا ہے۔ حق تعالیٰ قبول فرمائے۔ خانقاہ اور کتب خانہ مظہری سے لیا جاسکتا ہے۔

مفتی عبد الباری صاحب کی حج بیت اللہ کے لیے حاضری

حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ مجاز جناب مفتی عبد الباری صاحب ۱۵؍ستمبر کو خانقاہ تشریف لائے اور سہ روزہ اپنے شیخ و مرشد حضرت والا مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی خدمت میں لگایا اور حضرت والا کے فیض صحبت سے مستفید ہوکر حج بیت اللہ کے لیے تشریف لے گئے، مولائے کریم ان کی اس حاضری کو قبول فرمائے،آمین۔

حضرت والا دامت برکاتہم کا سفر اسلام آباد

ماہِ ستمبر کے وسط میں حضرت والا دامت برکاتہم دو دن کے لیے اسلام آباد تشریف لے گئے اور وہاں مختلف احباب و علماء کرام سے ملاقاتیں اور بیانات کا سلسلہ جاری رہا۔ مولائے کریم حضرت کے ان اسفار کو وہاں کے لوگوں کی کامل اصلاح کا ذریعہ بنادے، آمین۔

حضرت والا دامت برکاتہم کی زیر نگرانی اجتماعی اور وقف قربانی

جامعہ اشرف المدارس کراچی میں گزشتہ سالوں کی طرح امسال بھی حضرت والا دامت برکاتہم کی زیر نگرانی اجتماعی اور وقف قربانی کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک و بیرونِ ملک کثیر تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی اور سینکڑوں جانور ذبح کیے گئے اور وقف قربانی کا گوشت مستحقین تک پہنچانے کا اہتمام کیا گیا۔

مہمانوں کی آمد

ساؤتھ افریقہ سے حضرت والا رحمۃ اللہ علیہ کے  خلیفہ مجاز جناب مولانا شبیر اسمال صاحب اور حضرت مولانا مسیح اللہ خان صاحب رحمۃ اللہ علیہ کے سلسلہ سے تعلق رکھنے والے جناب مفتی سراج ڈیسائی صاحب حضرت والا دامت برکاتہم کے فیضِ صحبت سے مستفید ہونے کے لیے یکم اکتوبر کو خانقاہ تشریف لائے۔ مولائے کریم ان کی آمد کو قبول فرماکر اصلاح کا ذریعہ بنائے،آمین۔

متعلقہ مراسلہ

Last Updated On Monday 17th of June 2019 09:54:13 PM